ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رافیل سودے میں پرائیویٹ کمپنی کو 1,30,000 کروڑ روپے کا معاہدہ ملا: کانگریس

رافیل سودے میں پرائیویٹ کمپنی کو 1,30,000 کروڑ روپے کا معاہدہ ملا: کانگریس

Sat, 28 Jul 2018 11:47:17    S.O. News Service

نئی دہلی28جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) رافیل طیارے سودے میں مبینہ بے ضابطگی کو لے کر نریندر مودی حکومت پر مسلسل حملے کر رہی کانگریس نے آج دعوی کیا کہ اس لڑاکا طیارے سودے کے تناظر میں ایک معروف بھارتی گروپ کی کمپنی کو کل1,30,000 کروڑ روپے کا کنٹراکٹ ملا ہے۔پارٹی کے مرکزی ترجمان سرجے والا نے یہ دعوی کرتے ہوئے وزیر دفاع نرملا سیتا رمن پر نشانہ لگایا اور ان پر ملک کو گمراہ کرنے کا بھی الزام لگایا ۔ سرجے والانے کچھ دستاویزات سامنے رکھتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ رافیل سودے کی آئے دن کھلتی پرتوں سے وزیر اعظم اور وزیر دفاع کی کذب بیانی واضح ہو رہی ہیں۔ اس سودے سے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچائے جانے کی بو آتی ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ فرانس کے ساتھ 36 رافیل طیارے کی خریداری کا معاہدہ ہونے کے بعد اس طیارے سودے سے منسلک کنٹریکٹ سرکاری کمپنی ہندوستان یئروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) سے لے کر ایک نجی بھارتی گروپ کی کمپنی کو دیا گیا جبکہ یہ کمپنی معاہدے سے 12 دن پہلے رجسٹرڈ ہوئی تھی اور اس کے پاس ہوائی جہاز بنانے کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔ سرجے والا کے مطابق اس نجی بھارتی کمپنی نے گزشتہ سال 16 فروری کو بیان جاری کر کہا کہ اس رافیل سے منسلک 30 ہزار کروڑ روپے کا آف سیٹ کنٹراکٹ اور 1لاکھ کروڑ روپے کا لائف سائیکل کنٹریکٹ ملا ہے۔انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ ایک سرکاری ریلیز میں وزیر دفاع نے کہا کہ انہیں پرائیویٹ کمپنی کو آف سیٹ کنٹریکٹ دئے جانے کی اطلاع نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفادات کے ساتھ ہوئے کھلواڑ پر وزیر اعظم مودی کو جواب دینا چاہئے۔ سرجے والا نے سوال کیا کہ وزیر دفاع نرملا سیتا رمن ملک سے کیوں جھوٹ بول رہی ہیں؟ کیا وزیر اعظم قبول کریں گے کہ ایچ اے ایل سے کنٹریکٹ چھین کر ایک نجی گروپ کو دیا گیا؟ کیا وزیر دفاع کی اجازت کے بغیر آف سیٹ کنٹریکٹ کیا گیا۔ 


Share: